Monday, 21 May 2018, 08:06:02 pm
پاکستان کیخلاف امریکہ کا کسی قسم کا اقدام نقصان دہ ثابت ہوگا،وزیرداخلہ
February 14, 2018

وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان کے خلاف کسی قسم کا یکطرفہ اقدام غیرموثر ثابت ہوگا جس سے دوطرفہ تعلقات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔انہوں نے سی این این کو ایک انٹرویو میں کہاکہ پاکستان میں یکطرفہ اقدام سے ملک کیلئے انتہائی خطرناک ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کے لوگ باوقار ہیں جو باہمی احترام پرمبنی دوستی چاہتے ہیں تاہم پاکستان پردبائو ڈالنے کی کوششیں سود مند ثابت نہیں ہوںگی ۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستان کے علاوہ دنیا کے کسی دوسرے ملک نے گزشتہ برسوں کے دوران  دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اتنی قربانیاں نہیں دی ہیں۔انہوں نے کہاکہ جنگ میں پاکستان کے ساٹھ ہزار افراد شہید ہوئے اوراس کی معیشت کوپچیس ارب ڈالر  کا خسارہ برداشت کرناپڑا۔پاکستان کیلئے امریکی امداد کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ امریکی امداد کیلئے نہیں بلکہ اپنے عوام کے مستقبل کی خاطرلڑرہا ہے۔انہوں نے واضح کہاکہ ملک کی ترجیح امداد نہیں ، تجارت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں امداد کی بجائے تجارت کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان امریکہ کو امداد دینے والے ملک نہیں بلکہ ترقی پسند  شراکت دار کے طورپر دیکھنا چاہتا ہے۔پاک افغان تعلقات کے بارے میں احسن اقبال نے کہاکہ پاکستان اورامریکہ کا ملک کرکام کرنا دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے کیونکہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جو افغانستان میں عدم استحکام کی قیمت ادا کررہا ہے  اور افغانستان میں قیام امن کے ثمرات بھی سب سے زیادہ پاکستان کو حاصل ہوںگے۔وزیر داخلہ نے لندن میں برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن و امان کی بہتر صورتحال متاثر کن اقتصادی ترقی اورجمہوری اداروں کے استحکام کے نتیجے میں پاکستان غیر معمولی تبدیلی کے عمل سے گزر رہا ہے۔انہوں نے برطانوی وزیر خارجہ کو ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔برطانوی وزیر خارجہ نے پاکستان کے اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے کو سراہا اوراعتراف کیا کہ پاکستان میں اقتصادی ترقی کے وسیع مواقع ہیں۔ انہوں نے خصوصا خطے اور دنیا میں قیام امن کیلئے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ برطانیہ، چین پاکستان اقتصادی راہداری میں گہری دلچسپی رکھتا ہے اور اس اہم منصوبے سے پیدا ہونے والے مواقع سے فائدہ اٹھاناچاہتاہے۔

X