Friday, 19 April 2024, 10:17:30 pm
قومی سلامتی پالیسی قومی سلامتی کی تمام جہتوں کی سمت متعین کرے گی ،وزیراعظم
January 14, 2022

وزیراعظم عمران خان نے آج(جمعہ) اسلام آباد میں پاکستان کی پہلی قومی سلامتی پالیسی کے عوامی پہلو کا اجرا کیا۔

 اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جامع پالیسی قومی سلامتی کی تمام توجیہات کو سمت فراہم  کر ےگی۔

 وزیراعظم نے کہا کہ کسی ملک کی سلامتی اس کی معاشی سلامتی سے منسلک ہوتی ہے اور قومی سلامتی پالیسی ملک میں جامع ترقی کو یقینی بنانے میں معاون ہوگی جس سے ہر شعبہ ایک سمت پر گامزن ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ ہر حوالے سے ایک شہری کی سلامتی ریاست کی ذمہ داری اور ترجیح ہے اور ایک فلاحی ریاست کایہی نظریہ ہے۔

 عمران خان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت والے صوبوں میں اس سال مارچ تک ہر خاندان کو صحت کارڈ ملے گا جس سے اسے سالانہ دس لاکھ روپے تک مفت علاج معالجے کی سہولت ہوگی، انہوں نے کہا کہ یکساں قومی نصاب تعلیم کی تیاری کا اقدام قومی یکجہتی کے حصول میں انتہائی مدد گار ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ تاجروں کو مراعات کی فراہمی کے نتیجے میں برآمدات میں اضافہ ہوا ہے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات ستر فیصد بڑھی ہیں۔

 وزیراعظم نے کہا کہ نئے دس ڈیم تعمیر کئے جارہے ہیں جن سے آبی تحفظ یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات کا مقصد موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنا ہے جس کااعتراف عالمی سطح پر کیا جارہا ہے۔

 اس سے پہلے قومی سلامتی پالیسی کے خدوخال اجاگر کرتے ہوئے قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے کہا کہ یہ اتفاق رائے پر مبنی دستاویز ہے جو قومی سلامتی کی ہر جہت کے بارے میں رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے تمام متعلقہ محکموں، صوبائی حکومتوں اور ماہرین کی تجاویز لےکر ایک جامع دستاویز تیار کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ پالیسی میں معاشی سلامتی کی وضاحت کی گئی ہے جس کا مقصد شہریوں کا تحفظ، سلامتی وقار اور خوشحالی ہے۔

 دستاویز کے اہم حصوں میں قومی سلامتی کا لائحہ عمل ،قومی یکجہتی، اپنے معاشی مستقبل کو محفوظ بنانا، دفاعی اور علاقائی سالمیت، داخلی سلامتی، بدلتی دنیا میں خارجہ پالیسی اور انسانی تحفظ شامل ہیں۔

 

Error
Whoops, looks like something went wrong.