Monday, 06 July 2020, 11:36:15 am
پاک فوج علاقائی امن کیلئے اپنا ذمہ دارانہ کردار ادا کرتی رہے گی، آرمی چیف
January 14, 2020

بری فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج قومی سلامتی اور مادر وطن کے دفاع پر کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کرے گی اور علاقائی امن کے لئے اپنا ذمہ دارانہ اور مثبت کردار ادا کرتی رہے گی۔

فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آج جی ایچ کیو راولپنڈی میں 228ویں کورکمانڈرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے میں امن اور استحکام کیلئے پاکستان کا کردار انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی فوجی قیادت کے پاکستان کے خلاف جارحانہ بیانات غیرذمہ دارانہ ہیں جن کے علاقائی امن و سلامتی پر منفی اثرات مرتب ہوںگے۔

کورکمانڈرز کانفرنس میں تذویراتی، علاقائی اور قومی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور داخلی سلامتی، سرحدوں، کنٹرول لائن اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کے بارے میں غور کیا گیا۔

کانفرنس میں امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی اور اس کے علاقائی امن و سلامتی پر اثرات کے حوالے سے مشرق وسطیٰ میں پیدا ہونے والی سلامتی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔