Sunday, 26 January 2020, 03:32:38 am
وزیراعظم کی تمام زیر التوا مقدمات تیزی سے نمٹانے کی ہدایت
January 14, 2020

وزیراعظم عمران خان نے سرکاری ملازمین کے قواعدوضوابط ،جرمانوں ، سنیارٹی، ترقی اور دیگر امور کے بارے میں تمام زیر التوا مقدمات تیزی سے نمٹانے کی ہدایت کی ہے۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں منگل کے روز اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے اطلاعات ونشریات کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم نے بریفنگ کے بعد ہدایات دیں جن میں کہا گیا کہ گزشتہ تین عشروں سے امور سے متعلق وزارتوں اور ڈویژنوں میں ایک لاکھ تریسٹھ ہزار تینتالیس مقدمات زیر التواء ہیں۔انہوں نے کہا کہ اجلاس کو یہ بھی بتایاگیا کہ مختلف سرکاری محکموں نے چھ ہزار سرکاری گاڑیوں سمیت تین لاکھ ستر ہزار اشیاء کے استعمال کی مذمت کی تاہم انہیں فروخت کرنے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔وزیراعظم نے پی ایم ڈیلیوری یونٹ کوتمام زیر التوا مقدمات نمٹانے میں مدد دینے کیلئے تمام متعلقہ وزارتوں سے تجاویز لینے کا کام سونپا اور سرکاری وزارتوں کو ان مسائل کے حل کیلئے 45 دن کی حتمی مدت دی گئی۔ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفاقی کابینہ کو بتایاگیا کہ وزارتوں نے اب تک عوامی فلاح وبہبود کے 79 منصوبے شروع کئے ہیں جن میں سے 41 پر عملدرآمد کیا گیا ہے۔کابینہ کو بتایا گیا کہ نادرا نے دیہی خواتین کیلئے شناختی کارڈ بنانے کیلئے جمعے کا دن مقرر کیا ہے۔

سمندرپار پاکستانیوں کے امور کی وزارت نے بتایا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے بارے میں معلومات اور ان مسائل کے حل کے لئے ایک ایپلی کیشن تیار کی گئی ہے۔وزیراعظم نے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لئے صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کے عمل میں حائل تمام رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی۔کابینہ نے مختلف سرکاری محکموں کی جانب سے واپس کی گئی تین املاک نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی کو دینے کی بھی منظوری دی۔