Thursday, 09 July 2020, 06:36:34 am
وزیراعظم کی آزاد کشمیر میں ہنگامی بنیادوں پر امداد فراہمی کی ہدایت
January 14, 2020

وزیراعظم عمران خان نے آزادجموں و کشمیر کے تودے گرنے سے متاثرہ افراد کو فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر ہر قسم کی انسانی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

منگل کے روز ایک ٹویٹ میں انہوں نے قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے، فوج اور تمام وفاقی وزراء سے اس سلسلے میں بروقت کارروائی کیلئے کہا۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں شدید برفباری اور مٹی کے تودے گرنے سے متعدد افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

دریں اثنا بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے آزادکشمیر اور بلوچستان میں برفانی تودے گرنے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

آرمی چیف نے سوگوار خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

انہوں نے امدادی کارروائیوں میں سول انتظامیہ کی بھرپور مدد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی ہیلی کاپٹر شاردہ ،سرگن، بکوال اور تاؤ بٹ میں امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔

پاک فوج کے اہلکار پھنسے ہوئے لوگوں کو نکال رہے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کو خیمے، کمبل، راشن اور ادویات فراہم کر رہے ہیں۔