Sunday, 25 August 2019, 09:29:04 am

مزید خبریں

 
دونوجوانوں کے قتل کیخلاف شوپیاں ، کلگام میں مکمل ہڑتال
January 14, 2019

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع کولگام میں دونوجوانوں کی شہادت پرآج مسلسل دوسرے روز بھی شوپیا ں اور کولگام کے اضلاع میں مکمل ہڑتال کی گئی۔

اطلاعات کے مطابق دونوں اضلاع میں تمام دکانیں، کاروباری مراکز اور نجی دفاتر بندجبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل رہی۔شوپیاں میں بھاری تعداد میں فورسز کی تعیناتی کے باوجود سوگوار خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے لوگوں کی بڑی تعداد زینت الاسلام اور شکیل احمد ڈار نامی شہداء کے گھر تعزیت کیلئے گئی۔ ان نوجوانوں کو بھارتی فوج نے ہفتے کے روز محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کر دیا تھا۔

ادھر ناگہ بل ، صورہ اور ضلع گاندربل کے ملحقہ علاقوںمیںبھی ایک زخمی نوجوان کی حالت بگڑنے پر ہڑتال کی گئی۔یہ نوجوان ضلع شوپیاں میںزینت الاسلام کے جنازے میں شریک لوگوں پر بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگیا تھا۔

ادھرجموں وکشمیر فریڈم پارٹی کے کارکنوں نے پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ کی مسلسل نظربندی اور انہیں تہاڑ جیل کے بدنام زمانہ کستوری وارڈ میں منتقل کرنے کے خلاف آج پریس انکلیو سرینگر میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

یہ وارڈ بالخصوص قیدیوں کو ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے کے لیے مختص ہے۔

مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور انہوں نے شبیر احمد شاہ سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے حق میں نعرے لگائے۔