شاہد خاقان  عباسی نے کہاکہ ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل جمہوریت میں مضمر ہے۔

13 اکتوبر 2017 (18:47)
0

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت کی صورت میں ہی ترقی ممکن ہے ۔
انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز اٹک کے علاقے جھندیال میں تیل اور گیس کے کنوئیں کے منصوبے جھنڈیال ون کے افتتاح کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہی ۔
وزیراعظم نے کہاکہ ملک کو درپیش تمام مسائل کا حل جمہوریت میں مضمر ہے، انہوں نے کہاکہ ہمیں ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرنے کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ ملک کے تمام حصوں میں معیشت ، بنیادی ڈھانچے اورتوانائی سمیت تمام شعبوں میں ترقیاتی کام مکمل کرلیاگیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ چارسال کے دوران قومی گرڈ میں دس ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی شامل کی گئی ہے انہوں نے کہاکہ گزشتہ چار سال کے دوران تیل اورگیس کے شعبے میں ایک سو تین ذخائر دریافت کیئے گئے ہیں انہوں نے کہاکہ اسی طرح موجودہ حکومت کے اقتدار میں آٹھ سو پچاس ملین مکعب فٹ گیس نظام میں شامل کی گئی جو گیس کے کل پیداوار کا بائیس فیصد ہے۔
انہوں نے کہاکہ تمام شعبوں کوچوبیس گھنٹے یومیہ بلاتعطل گیس فراہم کی جارہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے دور میں تمام شعبوں میں بے مثال ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ منصوبے سے تجارت کو فروغ دے کر اور روزگار کے نئے مواقع پیداکرکے خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
انہوں نے خطے کے تمام علاقوں میں گیس فراہم کرنے کی اسکیموں کا اعلان کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی شہبازشریف نے کہاکہ بجلی کے منصوبے مکمل ہونے کے بعد پاکستان اس شعبے میں خودکفیل بن جائے گا اور ملک میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔