دفتر خارجہ کے ترجمان   نے یاد دہانی کرائی ہے کہ بھارت، پاکستان کے خلاف کالعدم تنظیموں کو استعمال کررہا ہے۔

افغانستان میں بھار ت کا کوئی بھی وسیع کردار خطے کے مفاد میں نہیں ہوگا: پاکستان
13 اکتوبر 2017 (15:01)
0

پاکستان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ افغانستان میں بھار ت کا کوئی بھی وسیع کردار خطے کے مفاد میں نہیں ہوگا۔ جمعہ کو اسلام آباد میں ہفتہ وار نیو ز بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے یاد دہانی کرائی ہے کہ بھارت، پاکستان کے خلاف کالعدم تنظیموں کو استعمال کررہا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ ہم نے اس بارے میں قابل اعتماد شواہد فراہم کئے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغان تنازع کے حل کے لئے ہمیشہ افغان سرپرستی میں افغانوں کی زیر قیادت مصالحتی عمل کی ضرورت پر زوردیا ہے۔

گزشتہ روز امریکی وفد کے ساتھ ملاقات کوتعمیری اور مفید قرار دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ فریقین نے مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے سے اتفاق کیا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گرد مشترکہ دشمن ہیں اور اس لعنت سے نمٹنے کےلئے تمام ملکوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم کے بارے میں نفیس ذکریا نے کہا کہ تنازع کشمیر کا اقوام متحدہ کی قرار دادوں اورکشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ناگزیر ہے ۔ترجمان نے کہا کہ کشمیر کے بارے میں عالمی برادری کی خاموشی انتہائی تشویش کی بات ہے۔