فرخ عامل نے کہا ہے  کہ پاکستان کی سکیورٹی پالیسی، صبروتحمل، ذمہ داری اور ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہ ہونے پر مبنی ہے۔

پاکستان کاجنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ
13 اکتوبر 2017 (13:01)
0

پاکستان نے جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی فرسٹ کمیٹی میں اظہار خیال کرتے ہوئے جنیوا میں عالمی ادارے میں پاکستان کے مستقل نمائندے فرخ عامل نے خطے ایٹمی تجربات پر پابندی کے دوطرفہ معاہدوں کے لئے پاکستان کی تجویز کا اعادہ کیا۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی پالیسی، صبروتحمل، ذمہ داری اور ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہ ہونے پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں تذویراتی تحمل کا معاہدہ جو ایٹمی اور میزائل معاہدے کے لئے ایک جیسے اقدامات کرنے اور روایتی افواج کے درمیان توازن قائم کرنے پر مبنی ہے پر بھی بات چیت کی جانی چاہیے۔

 سفیر نے کہاکہ دنیا کو در پیش تشویش دور کئے بغیر ایٹمی ہتھیاروں کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا جن پر وہ اپنی سکیورٹی کے لئے انحصار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی بد اعتمادی اور بعض ملکوں کی جانب سے فوجی لحاظ سے برتری کی خواہش علاقائی اور عالمی امن کے لئے خطر ہ ہے۔