چین کے صدر نے وزیراعظم نوازشریف کے ساتھ ملاقات میں بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

13 مئی 2017 (13:55)
0

چین کے صدر شی جن پنگ نے مختلف شعبوں میں تعاون کوفروغ دے کر پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید مستحکم بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔وہ آج بیجنگ میں وزیراعظم نواز شریف سے باتیں کررہے تھے جنہوں نے چاروں وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ان سے ملاقات کی۔چین کے صدر نے بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

صدر شی جن پنگ نے کہا کہ دونوں ملکوں کے پاس چین پاکستان اقتصادی راہداری اور علاقے کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے کے منصوبوں پر عملدرآمد سے متعلق دوطرفہ تعاون کو مستحکم بنانے کی مزید صلاحیت موجود ہے۔اپنے تاثرات میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک پٹی ایک شاہراہ اقدام کے فروغ کیلئے چین کے ساتھ کھڑا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری ایک پٹی ایک شاہراہ کے اقدام کا ایک بنیادی جزو ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد کے لئے انتھک کوششیں کر رہی ہے اور توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی تکمیل میں نمایاں پیش رفت کی گئی ہے۔

نواز شریف نے صدر شی جن پنگ کو ایک پٹی ایک شاہراہ فورم کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کے رہنماؤں کی فورم میں بڑی تعداد میں شرکت عالمی برادری میں چین کے بڑھتے ہوئے کردار کا مظہر ہے۔