نواز شریف پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

حکومت قومی معاملات کو اتفاق رائے سے حل کرنے پر یقین رکھتی ہے:وزیراعظم
13 مئی 2015 (15:32)
0

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت تمام قومی معاملات کو اتفاق رائے سے حل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ وہ بدھ کے روز اسلام آباد میں پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس کا مقصد انہیں چین پاکستان اقتصادی راہداری پر اعتماد میں لینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مشاورت جمہوریت کی روح ہے اور ہم نے معیشت ، سلامتی اور دہشتگردی سمیت تمام اہم قومی معاملات پر ہمیشہ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا ہے۔ اس موقع پر سیاسی رہنماؤں نے کراچی بس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کیلئے فاتحہ پڑھی۔

منصوبہ بندی و ترقی کے وفاقی وزیر احسن اقبال نے اپنی بریفنگ میں بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا مقصد طویل المدتی پروگرام کے تحت ملک کے تمام حصوں کی یکساں ترقی کو یقینی بنانا ہے جو دو ہزار تیس میں مکمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مجوزہ پاک چین اقتصادی راہداری جو خطے میں تبدیلی کا باعث بنے گی اور اس سے تاریخی چینی سرمایہ کاری سمیت بڑے پیمانے پر بین الاقوامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں بھی مدد ملے گی۔


انہوں نے کہا کہ توانائی ، بنیادی ڈھانچے ، گوادر بندرگاہ کی ترقی اور ٹرانسپورٹیشن کی بہتری کے شعبوں میں چار ورکنگ گروپس تشکیل دئیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں نے صنعتی پارک اوراقتصادی زونز کے قیام کیلئے پانچواں ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔