13 مئی 2015 (20:37)
0

کویت کی قومی اسمبلی کے سپیکر مرزوق علی ایم الغنیم نے کہا ہے کہ میرا ملک پاکستان سے ڈاکٹروں' انجینئروں' ماہرین تعلیم اور ہنرمند افرادی قوت کی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔
انہوں نے یہ بات بدھ کو اسلام آباد میں اپنے اعزاز میں ایک استقبالیے میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور پاکستان کویت پارلیمانی دوستی گروپ کے ارکان سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔
الغنیم نے کہا کہ کویت کی حکومت نے کویت میں کام کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کے ویزے سے متعلق مسائل کے حل کو ترجیح دی ہے اور اسلام آباد میں کویت کے سفارتخانے میں ویزہ جاری کرنے والی اتھارٹی کے قیام کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
کویتی سپیکر نے کہا کہ کویت کی سرمایہ کار کمپنی پاکستان کے پٹرولیم' بجلی اور مینو فیکچرنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرے گی۔
انہوں نے یمن کے بحران پر سعودی عرب اور خلیج تعاون کونسل کے ممالک کے لئے پاکستان کی حمایت کو بھی سراہا۔