نوازشریف نےواقعے کی فور ی رپورٹ طلب کرلی۔

صدراوروزیراعظم کی کراچی میں دہشتگردی کےواقعےکی شدید مذمت
13 مئی 2015 (11:28)
0

صدر ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے کراچی میں فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے الگ الگ بیان میں انہوں نے دہشت گردی کے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ ادھر ، وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کی ہے۔


سندھ کے گورنرعشرت العباد 'گورنر پنجاب رفیق رجوانہ ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بھی واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔


وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے تک ضرب عضب اور کراچی آپریشن جاری رہیں گے۔ پرویز رشید نے سیاستدانوں ، علماء ، دانشوروں اور سول سوسائٹی کے ارکان پر زور دیا کہ وہ دہشت گردوں کو شکست دینے کیلئے اپنی صفوں میں اتحا دپیدا کریں۔ وزیر داخلہ نے ڈائریکٹر جنرل رینجرز سندھ کو ٹیلی فون کیا اور ان سے کراچی میں فائرنگ کے المناک واقعے کے بارے میں تفصیلات معلوم کیں۔


ڈی جی رینجرز نے وزیر داخلہ کو بتایا کہ وہ اس گھنائونے جرم میں ملوث مجرموں کا سراغ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت نے کل صوبے بھر میں یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ نے بھی یوم سوگ منانے کا اعلان کیا ہے اور تاجروں اور ٹرانسپورٹروں سے کہا ہے کہ وہ اپنے کاروبار بند رکھیں۔