نواز شریف نے پاکستان سے تعاون اور امداد فراہم کرنے پر ایشیائی ترقیاتی بنک کا شکریہ ادا کیا۔

 پاکستان ایشیائی ترقیاتی بنک کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے:وزیراعظم
13 مئی 2015 (15:52)
0

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان توانائی کے شعبے میں درپیش مشکلات پر قابو پانے کے لئے ایشیائی ترقیاتی بنک کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے یہ بات ایشیائی ترقیاتی بنک کے نائب صدرWencai Zhang سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے بدھ کے روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم نے پاکستان سے تعاون اور امداد فراہم کرنے پر ایشیائی ترقیاتی بنک کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے ملک کی اقتصادی صورتحال میں بہتری کے حوالے سے کہا کہ چینی صدر کے دورے سے ملک میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت منصوبوں کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے لئے کام شروع کر دیا گیا ہے۔


مسٹرWencai Zhang نے وزیراعظم کو پاکستان کے لئے ایشیائی ترقیاتی بنک کے آئندہ پانچ سال کے منصوبوں اور حکمت عملی کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بنک پاکستان مسلم لیگ ن کے ویژن دو ہزار پچیس کی حمایت کرتا ہے اور وہ توانائی ،اربن ٹرانسپورٹ، ٹھوس فضلے کو ٹھکانے لگانے کے نظام ، نکاسی آب ، آبپاشی ، صفائی ستھرائی ، زراعت اور دیہی ترقی ، لوگوں کی استعداد کار بڑھانے ، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ناگہانی آفات سے نمٹنے سمیت اہم شعبوں میں پاکستان سے تعاون جاری رکھے گا۔


انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بنک پاکستان کو سماجی شعبے کی ترقی کیلئے امداد فراہم کر رہا ہے انہوں نے وزیراعظم کو اقتصادی اشاریوں میں بہتری پر مبارکباد دی جس کی بدولت گزشتہ دو سال کے دوران معیشت مستحکم ہوئی ہے۔