13 اگست 2017 (23:11)
0

پاکستان اور چین نے تعلیم اور بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کے مختلف شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافے کیلئے مختلف دستاویزات پر دستخط کئے ہیں ۔
ان دستاویزات پر اسلام آباد میں وزیراعظم ہائوس میں چین کے نائب وزیراعظم وانگ یانگ کے دورے کے دوران تقریب میں دستخط کئے گئے ہیں ۔
دونوں رہنمائوں کے درمیان وفود کے بغیر ملاقات کے بعد دستخط کی تقریب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اورچین کے نائب وزیراعظم بھی موجود تھے ۔ دونوں ممالک نے فاٹا میں سکولوں کے منصوبے کیلئے تبادلے کی دستاویزات پر دستخط کیے ۔ دونوں ملکوں نے سٹرٹیجک تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط کیے ۔

اس سے پہلے شاہد خاقان عباسی اور عوامی جمہوریہ چین کے نائب وزیراعظم وانگ ینگ نے وفود کے بغیر ملاقات کی ۔ اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ پاکستان اور چین سدا بہار دوست اور سٹرٹیجک شراکت دار ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اورچین کے باہمی تعلقات آزمودہ ہیں اور ہمارے تعلقات چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے بعد نئی بلندیوں کو چھورہے ہیں جو کہ خطے اور خطے سے باہر تقدیر بدلنے کا منصوبہ ہے ۔
نائب وزیراعظم وانگ یانگ نے وزیراعظم کو پاکستان کی سترویں سالگرہ کی تقریبات پر مبارک باد دی اورانہوں نے زوردیکر کہا کہ ان کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان قریبی سٹرٹیجک تعلقات اور پاکستان کیلئے چین کی مضبوط حمایت کا اظہار ہے ۔
وزیراعظم نے چین کے نائب وزیراعظم اور وفد کے اراکین کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا ۔