وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ ملک دہشتگردی کو شکست دینے کے مضبوط ایجنڈے کے ساتھ کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

وزیر داخلہ کادہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے قوم کی صفوں میں اتحاد مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پرزور
13 اگست 2017 (14:27)
0

وزیر داخلہ احسن اقبال نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے قوم کی صفوں میں اتحاد مزید مستحکم کرنے کی ضرورت پرزوردیا ہے۔
انہوں نے اتوار کے روز کوئٹہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں اور باقی دہشت گردفرار ہورہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں مکمل اتحاد ویکجہتی کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور اپوزیشن جماعتوں سے کہا کہ وہ پاکستان کے دشمنوں کو شکست دینے کیلئے متحد ہو جائیں۔
انہوں نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے وفاقی حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
کوئٹہ میں دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک دہشتگردی کو شکست دینے کے مضبوط ایجنڈے کے ساتھ کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اس قسم کے بزدلانہ حملوں کا مقصد قوم پر نفسیاتی دبائو بڑھانا ہے تاہم دشمن کو یہ معلوم نہیں کہ یہ حملے عوام کے عزم اور حوصلے کو مزید پختہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس واقعے نے ہمیں یہ یاد دہانی بھی کرائی ہے کہ یہ جنگ جیتنے کیلئے اندرونی اتحاد کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ داخلی یکجہتی کو کمزور کرنے والے عناصر وطن کے دشمن ہیں۔اس سے پہلے وزیر داخلہ احسن اقبال نے بلوچستان کے وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری کے ہمراہ سی ایم ایچ کوئٹہ کا دورہ کیا اور کوئٹہ دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کی۔