میلے کا تھیم کتاب: زندگی، امید، روشنی رکھاگیا ہے،100 سے زائد بک سیلرز اورپبلشرزسٹال لگائیں گے ۔

ملکی تاریخ کا سب سے بڑا قومی کتاب میلہ 22 اپریل سے شروع ہوگا
13 اپریل 2017 (15:56)
0

یوم کتاب کے موقع پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا آٹھواں سہ روزہ قومی کتا ب میلہ 22اپریل سے اسلام آباد میں شروع ہورہا ہے۔ قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کی سرپرستی میں اس میلے کا اہتمام نیشنل بک فانڈیشن (این بی ایف) نے کیا ہے یہ میلہ24 اپریل تک پاک چائنا فرینڈ شپ سنٹر اسلام آباد میں جاری رہے گا۔ کتاب دوستی اور مطالعہ کے فروغ کے لئے اپنی نوعیت کے اس منفرد میلے میں ملک بھر سے معروف علمی و ادبی شخصیات ، سفیرانِ کتاب ، شائقین کتب، دانش ور، نامور لکھاری شعرافنکار، سکولوں کے طلبہ وطالبات اور یونیورسٹیوں سمیت ہرشعبہ زندگی سے کتاب اور علم دوست لوگ بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ اس سال کتاب میلے کا تھیم کتاب : زندگی، امید، روشنی ہے۔ 22اپریل کو قومی یومِ کتاب کے حوالے سے منعقدہ اس سہ روزہ کتاب میلے کے افتتاحی اجلاس میںاہم قومی شخصیت کی بطور مہمان خصوصی شرکت متوقع ہے۔ میلے میں ملک بھر سے 100سے زائد صفِ اول کے بک سیلرز اور پبلشرز اسٹال لگائیں گے جہاں سے ہر عمر کے شائقین55 فیصد تک رعائتی قیمتوں پر اپنے پسندیدہ موضوع کی کتابیں حاصل کر سکیں گے۔ کتاب میلے کے دوران ہر عمر کے افراد کے لئے مختلف سرگرمیاں ترتیب دی گئی ہیں۔ جن میںاردو، انگریزی، چینی اور دیگر زبانوں میں کتاب خوانی( بک ریڈنگ)، اہم علمی و ادبی موضوعات پر سیمنارکا انعقاد ، بیرونِ ملک مقیم اہل قلم کی فکری نشستوں کے علاوہ غزل، نظم، افسانے اور شاعری کے حوالے سے مذاکرے ہوں گے۔ علامہ اقبال کے حوالے سے خصوصی تقریب اور امن مذاکرہ ،بھی میلے کا حصہ ہے۔ علاوہ ازیں نصاب سازی اور نصابی تصانیف پر ورکشاپ ، تحریکِ پاکستان کے پس منظر میں کتب کے پروگرام ، خطاطی کی نمائش اور ورکشاپ کا بھی اہتمام کیاگیا ہے۔ ان سرگرمیوں میں این بی ایف کی اہم مطبوعات اور دیگر مصنفین کی کتابوں کی تقاریب رونمائی بھی منعقد ہوں گی جبکہ ذہنی صحت اور نفسیاتی الجھنوں کے بارے میں معلوماتی پروگرام بھی پروگرام میں شامل کئے گئے ہیں۔میلے میں بچوں کی دلچسپی کے لئے بھی خصوصی پروگرام رکھے گئے ہیں جن میں لکی بک ڈرا، بچوں کے لیے کڈز ری پبلک کے عنوان سے دلچسپ اور نگا رنگ پروگرام شامل ہیں۔ خاکہ سازی(اسیکچز) کارٹون بنانے کی ورکشاپ، بک کامل ، ذہنی آزمائش ،ٹیبلیوز، انگریزی /اردو کے ڈرامے اور بہت سے دیگر پروگرام بھی تین روزہ میلے کے دوران شائقین کتب کی دلچسپی کے لئے فراہم ہوں گے۔ این بی ایف کے مینیجنگ ڈائیریکٹر ڈاکٹر انعام الحق جاویدنے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کے مشیر قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کی خصوصی ہدایات کی روشی میں میلے کے لئے پروگرام اس انداز میں ترتیب دئیے گئے ہیں کہ ان سے کتاب دوستی فروغ پائے اور اس کے ساتھ ساتھ قومی ہم آہنگی اور یکجہتی کا پیغام لوگوں تک پہنچے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ گزشتہ برس کی طرح اس سال بھی ریکارڈ تعداد میں عوام میلے میں شرکت کریں گے اور کتابوں کی دنیا سے بھر پور استفادہ کرکے اپنی علم اور کتاب سے محبت کااظہار کرینگے ۔


comments powered by Disqus