Tuesday, 16 July 2019, 05:01:53 pm
پاکستان،اٹلی کا ٹیکنالوجی منتقلی کے ذریعے مشترکہ تجارتی و اقتصادی منصوبے شروع کرنے پر اتفاق
December 13, 2018

 پاکستان اور اٹلی نے ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں مشترکہ منصوبے شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔یہ اتفاق رائے جمعرات کے روز اسلام آباد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور اٹلی کی وزارت خارجہ کی سیکرٹری جنرل ELISABETTA BALLONIAT کے درمیان ملاقات میں ہوا ۔انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان اقوام متحدہ سمیت کثیر ملکی فورموں پرموجودہ بہترین تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور اسے فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔وزیرخارجہ نے پاکستان اور اٹلی کے دیرینہ تعلقات اور سیاسی مذاکراتی عمل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے مضبوط ادارہ جاتی نظام کو سراہا ۔انہوں نے اعلی سطح پروفود کے تبادلوں اور تجارت ، سرمایہ کاری ، اقتصادی ترقی ، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پرزوردیا ۔شاہ محمود قریشی نے دونوں ملکوں کے درمیان قانونی نقل وحمل کے راستے کھولنے کی ضرورت پر زوردیا ۔اٹلی کی سیکرٹری جنرل نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون مضبوط بنانے کیلئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور نئی حکومت کے ساتھ ملکر کام کرنے کیلئے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔دونوں فریقوں نے باہمی دلچسپی کے وسیع علاقائی اور دوطرفہ مسائل پرتبادلہ خیال کیا اور تعلقات کی موجود نوعیت پراطمینان کااظہارکیا ۔