Wednesday, 12 December 2018, 10:30:26 am
وزیر اطلاعات کا ایران کیساتھ ثقافتی تعلقات مضبوط بنانے پرزور
November 13, 2018

وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے ایران کے ساتھ ثقافتی تعلقات مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات ایران کے سفیر مہدی ہنردوست سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کے روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

انہوں نے کہا کہ ثقافتی تبادلے ایک دوسرے کی اقدار کو سمجھنے کے لئے ہی نہیں بلکہ عوام کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کے لئے بھی ناگزیر ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ دونوں ملکوں کے فنکار فلم اور تفریح کے شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھ سکتے ہیں۔ فواد چوہدری نے ایران کے سفیر سے کہا کہ اس ماہ اسلام آباد میں ہونے والی رحمت اللعالمین ۖ کانفرنس سے خطاب کے لئے ایرانی علماء کو پاکستان بھیجیں۔

 مہدی ہنردوست نے ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے میں وزیر اطلاعات کی دلچسپی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی فلمی صنعت ایک فعال صنعت ہے۔

انہوں نے ڈرامے کے شعبے میں مشترکہ تیاریوں کی ضرورت پر زور دیا۔

ایران کے سفیر نے دونوں ملکوں کے ذرائع ابلاغ کے اداروں کے درمیان باضابطہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔