Monday, 11 December 2017, 10:11:49 pm
اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ رابطہ کار نے اقوام متحدہ امن مشن میں پاکستان کے کردار کو غیر معمولی قرار دیا
November 13, 2017

پاکستان میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ رابطہ کار نیل بوہنے نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں پاکستان کے کردار کو غیر معمولی قرار دیا ہے۔ منگل کے روز اقوام متحدہ کے دن کے موقع پر ریڈیو پاکستان کے خبروں ا ور حالات حاضرہ کے چینل کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امن مشن میں ایک طویل اور بڑا کردار ادا کیا ہے۔اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ رابطہ کار نے پاکستانی فوجیوں کی پیشہ ورانہ اور مسابقتی صلاحیتوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں چیف فوجی مشیر اب تک ایک پاکستانی جنرل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح متعدد مشن کمانڈرز کا تعلق پاکستان سے ہے۔اس موقع پرNeil Buhne نے پاکستان کے مختلف شعبوں میں اقوام متحدہ کے مختلف اداروں کے تعاون سے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ بھی پیش کیا۔

اقوام متحدہ کا فوجی مبصر گروپ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مینڈیٹ کے تحت قائم کیا گیا تھا جو اب بھی موجود ہے اور کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر نظر رکھتا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے بارے میں اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ رابطہ کار نے کہا کہ انسانی حقوق کے ہائی کمشنر نے اس صورتحال پر گہری تشویش ظاہر کی ہے اور علاقے میں ایک مشن بھیجنے کی پیشکش کی لیکن اس پرعملدرآمد نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ سیکرٹری جنرل نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے۔