Friday, 15 November 2019, 06:09:01 am

مزید خبریں

 
وزیراعظم آزاد کشمیر کی بھارت کی بلاشتعال فائرنگ سے زخمی ہونیوالوں کی عیادت
October 13, 2019

وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے آج سی ایم ایچ مظفر آباد کا دورہ کیا اور نیلم ویلی اور دیگر سیکٹروں میں بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کی خیریت دریافت کی اور ان میں چیک تقسیم کیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت بھارتی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کے علاج اور ان کی دیگر بنیادی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تمام دستیاب وسائل استعمال کرے گی جبکہ اس مقصد کے لئے الگ سے ایک شعبہ بھی قائم کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ جنگ بندی لائن پر بھارت کے بزدلانہ اقدامات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور اس طرح کے جنگی جنون سے خطے کا امن شدید خطرے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیوں سے د نیا کی توجہ ہٹانے کے لئے بھارت سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کنٹرول لائن پر جنگ جیسی صورتحال پیدا کرراہ ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کنٹرول لائن کے ساتھ مقیم افراد کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی چاہتا ہے مگر وہ کبھی کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ کوئی بھی فرد نقل مکانی نہیں چاہتا۔فاروق حیدر نے کہا کہ بھارتی فوجی شہریوں کو ہلکے' بھاری ہتھیاروں اور سنائپر گنز سے نشانہ بنارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی کنٹرول لائن کے پار کلسٹرہتھیار استعمال کررہے ہیں جو کلسٹرایمیونیشن کنونشن کے تحت جرم ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ عالمی قوانین اور معاہدوں کی سنگین خلاف ورزی پر بھارت سے جواب طلب کرے۔راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پاکستانی اور کشمیری عوام تحریک آزادی کی حمایت اور بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف ایک اور متحد ہیں۔