Friday, 18 October 2019, 11:29:00 am
پاکستان امن اور استحکام کی طرف اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہے،آرمی چیف
September 13, 2019

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان ارتقا کے عمل سے گزر رہا ہے اور پائیدار امن اور استحکام کی جانب اس کا سفر مثبت راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے آج کوئٹہ میں بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے نوجوانوں کو قومی لگاؤ کے ساتھ درست سمت میں کام جاری رکھنا ہو گا تاکہ انفرادی اور اجتماعی سربلندی حاصل کی جائے۔ جنرل باجوہ نے مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستانی معاشرے کے تمام شعبوں کی مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔انہوں نے بلوچستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو سراہا اور طلبہ پرزور دیا کہ وہ مستقبل میں مختلف شعبوں میں مواقع سے مستفید ہونے کیلئے خود کو اہل بنائیں۔آرمی چیف نے بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال خان کے ہمراہ کوئٹہ میں NUST کے حال ہی میں قائم کردہ کیمپس کا افتتاح کیا جس کا انہوں نے 2017ء میں اعلان کیا تھا اور یہ دو سال سے زائد مدت میں مکمل ہوا ہے۔

پہلے بیج میں 550 طلبہ کو سول انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس میں بیچلر ان انجینئرنگ اور ماسٹرز میں واٹر ریسورسز انجینئرنگ مینجمنٹ، ٹنلنگ/ مائننگ، انجینئرنگ اورکمپیوٹر اور الائیڈ سائنسز کے پروگراموں میں ایم ایس کی تعلیم فراہم کی جائیگی۔اس سے قبل جنرل باجوہ نے کوئٹہ میں سدرن کمانڈ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔انہیں خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت شروع کئے جانے والے منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔انہوں نے ان منصوبوں کی تکمیل میں سہولت فراہم کرنے پر فوج اور قانون کا نفاذ کرنے والے اداروں کی طرف سے صوبے میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کی کوششوں کی تعریف کی۔