Saturday, 20 April 2024, 06:43:09 am
حکومت کا گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی ارادہ نہیں، فوادچوہدری
September 14, 2018

اطلاعات اور نشریات کے وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے حکومت کا تنخواہ دار طبقے کیلئے ٹیکس کی شرح میں تبدیلی اور گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

انہوں نے یہ بات جمعرات کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کئے جانیوالے فیصلوں کے بارے میں نیوز بریفنگ کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کیلئے انکم ٹیکس کی شرح پر نظرثانی اور گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق ذرائع ابلاغ کی تمام اطلاعات بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کیڈ کی وزارت ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی ترقیاتی ادارہ وزارت داخلہ کے تحت کام کرے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف مہم جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اب تک ساڑھے سات ارب روپے مالیت کی سرکاری اراضی غیرقانونی قابضین سے واگزار کرائی گئی ہے۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے آئندہ ربیع کی فصل کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے یوریا کھاد درآمد کرنے اور کھاد تیار کرنیوالے مقامی پلانٹس کو گیس کی فراہمی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت یوریا کھاد کی درآمد کیلئے تقریباً چار ارب روپے خرچ کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے کھاد تیار کرنیوالے پلانٹس کو گیس فراہم نہیں کی تھی اور یوریا کی برآمد کی اجازت دی جس کی وجہ سے آئندہ فصل کیلئے یوریا کھاد کی قلت پیدا ہو گئی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت تنخواہ دار طبقے اور کاشتکاروں پر بوجھ نہ ڈالنے پر یقین رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کو اعانتی نرخ پر کھاد فراہم کریگی۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو دو ہزار پانچ سو پچاس روپے قیمت والے کھاد کے تھیلے سولہ سو پچاس روپے کے رعایتی نرخ پر فراہم کئے جائینگے۔

فواد چوہدری نے میٹرو بس کے جاری منصوبوں پر اخراجات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں چلنے والی میٹرو بس سروسز کیلئے سالانہ کل آٹھ ارب روپے سبسڈی ادا کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میٹرو بس کیلئے چار ارب بیس کروڑ روپے سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے اور راولپنڈی اور ملتان میٹرو بس سروسز کو دو دو ارب روپے سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی حکومت میٹرو ٹرینوں کو بھاری سبسڈی فراہم کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں فیصلہ کرے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین لاہور کو تکمیل پر ساڑھے تین ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

تاہم انہوں نے کہا کہ پشاور میٹرو بس منصوبہ سڑسٹھ ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا اور حکومت کو اس پر کسی قسم کی سبسڈی فراہم کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ بسیں کرائے پر لینے کی بجائے خریدی گئی ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ چونتیس ہزار چار سو ساٹھ کنال اراضی پر تعمیر سرکاری عمارتوں کو بہتر انداز میں تجارتی مقاصد کیلئے استعمال کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کی معاشی صورتحال کے پیش نظر کفایت شعاری کی مہم شروع کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ برس کے دوران وزیراعظم کے دفتر کی طرف سے دو ارب تیس کروڑ روپے، وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر کی طرف سے دو ارب نوے کروڑ روپے اور گورنر ہاؤس پنجاب کی طرف سے ایک ارب چالیس کروڑ روپے خرچ کئے گئے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے چیف جسٹس کی طرف سے ڈیموں کی تعمیر کلیئے فنڈ قائم کرنے کے اقدام کو سراہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیموں کیلئے قائم فنڈ انکم ٹیکس اور ودہولڈنگ ٹیکس سے مستثنیٰ ہو گا۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.