Thursday, 19 September 2019, 08:10:07 pm

مزید خبریں

 
قوم نے تہترواں یوم آزادی یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منا یا
August 14, 2019

آج (بدھ) پاکستان کاتہترواں یوم آزادی روایتی جوش وجذبے اور یوم یکجہتی کشمیرکے طورپر منایا جس کامقصد ظلم وجبر کاشکارکشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کااظہار کرناہے۔دن کاآغاز مساجد میں نمازفجرکے بعد ملک میں امن ،ترقی وخوشحالی اور مقبوضہ اسلامی علاقوں کی آزادی کے لئے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہوا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکتیس جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں، گلگت اور مظفرآباد میں اکیس ،اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوئی۔حکومت نے یوم آزادی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہاریکجہتی کے طورپرمنانے کافیصلہ کیا ہے اور پوری قوم نے ایک آوازہوکرکشمیری بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھنے کااعادہ کیاہے۔حکومت نے یوم آزادی کے لئے خصوصی Logoجاری کیاہے جس کاعنوان ہے''کشمیربنے گا پاکستان''

کراچی میں آج (بدھ) صبح قائداعظم محمدعلی جناح کے مزارپرگارڈزکی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔پاک بحریہ کے چاق وچوبندکیڈٹس نے مزارپرگارڈزکی ڈیوٹی کے فرائض سنبھالے۔پاک بحریہ کے کموڈورعرفا ن تاج اس موقع پرمہمان خصوصی تھے۔انہوں نے گارڈآف آنرکامعائنہ کیااوربابائے قوم کوسلامی دی۔مہمان خصوصی نے مزارپرپھول چڑھائے ،فاتحہ پڑھی اورمہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبندکئے۔

گلگت میں یوم آزادی اوریوم یکجہتی کشمیر کی مرکزی تقریب چنار باغ میں ہوئی۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر جعفر اﷲ خان تقریب میں مہمان خصوصی تھے جنہوں نے قومی پرچم لہرایا،یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اورفاتحہ خوانی کی۔ گلگت بلتستان سکاوٹس اورگلگت بلتستان پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر اظہارخیال کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے بھارتی حکومت کی طرف سے آرٹیکل 370 منسوخ اور مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی مذمت کی۔کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں ، انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ وادی کی خصوصی حیثیت بحال کرائے۔ ریڈیو پاکستان کے گلگت کے نمائندے شیر محمد نے بتایا ہے کہ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے گلگت اور دوسرے اضلاع میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں۔