Saturday, 24 August 2019, 04:42:21 pm
بھارت کی غلط فہمی ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کو کچل سکتا ہے ، وزیرخارجہ
August 14, 2019

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو ایک خط لکھا ہے جس میں کشمیرکی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارت کے غیر قانونی اقدام پر غور کیلئے خصوصی اجلاس بلانے کا کہا ہے۔

ایک وڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کے ذریعے یہ خط بھیجا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ بھارت کے اقدامات نے علاقائی اور عالمی امن داؤ پر لگا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھارت کی غلط فہمی ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کو کچل سکتا ہے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اگر مقبوضہ جموں کشمیر میں دہائیوں سے تعینات 7 لاکھ بھارتی فوجی کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کو دبا نہیں سکیں توایک لاکھ80 ہزار مزید فوجی بھی ناکام ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انہوں نے خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ایک اور قتل عام کی منصوبہ بندی کر رہا ہے اور اگر بھارت سمجھتا ہے کہ پاکستانی اور کشمیری عوام یہ خاموشی سے برداشت کر لیں گے تو یہ اس کی بڑی غلطی ہو گی۔

انہوں نے گہری تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے پلواما جیسے واقعہ کا کوئی اور ڈرامہ رچا سکتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو پاکستان مادر وطن کے دفاع کیلئے ہر حد تک جائے گا۔