Tuesday, 25 September 2018, 06:20:23 pm
بھارت کے پاس مسئلہ کشمیرحل کئے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے،سیدعلی گیلانی
March 14, 2018

مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنمائوں سیدعلی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے ضلع اسلام آباد کے علاقے ہاکورہ میں گزشتہ روز بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیوالے تین نوجوانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارت اور اسکی کٹھ پتلی انتظامیہ وادی کشمیرمیں جاری کشمیریوں کے قتل عام کی ذمہ دار ہیں۔

سیدعلی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت کے پاس مسئلہ کشمیر کو اسکے تاریخی پس منظر میں حل کئے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے ۔

میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں مذید تاخیر خطے میں مذید ہلاکتوں اور تباہی کا باعث بنے گی ۔

محمد یاسین ملک نے کہاکہ بھارتی حکمرانوںنے وردی میں ملبوس ہزاروں دہشت گردوں کو کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

حریت رہنمائوں مولانا عباس انصاری، آغاسید حسن الموسوی الصفوی ، آسیہ اندرابی اور فریدہ بہن جی نے اپنے الگ الگ بیانات میں عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کانوٹس لے ۔

ادھر اسلام آباد، سرینگر اوربڈگام میں آج مسلسل دوسرے دن بھی ہاکورہ میںہونیوالی شہادتوں پر مکمل ہڑتال کی گئی۔تمام دکانیں، تجارتی مراکز اور سکول بند رہے جبکہ اور سڑکوںپر پبلک ٹرانسپورٹ معطل رہی ۔متعدد علاقوں میں مظاہرین اور فوجیوں کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

ضلع پلوامہ کے علاقے اونتی پورہ میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں ایک شہری جاں بحق ہو گیا ہے ۔ ضلع کے علاقے Jawbaraمیںیہ بارودی سرنگ بھارتی فوجیوں نے نصب کی تھی۔