Monday, 21 May 2018, 08:04:56 pm
پاکستان کا بھارت کے دھمکی آمیز بیانات پراظہارِ افسوس
February 13, 2018

دفترخارجہ نے پاکستان کے خلاف بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کی ہے ۔دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں فوجی کیمپ پر حالیہ حملے کے بارے میں بھارتی الزامات قبل ازوقت اور بے موقع ہیں کیونکہ بھارت نے خاص طورسے  یہ تسلیم کیا ہے کہ جب یہ بیان دیاگیا تو اس وقت تک آپریشن جاری تھا اور تحقیقات کاآغاز ہوا ہی تھا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پربغیر کسی ثبوت کے الزام تراشی کا بھارتی رجحان انتہائی افسوسناک ہے ۔ہم نے کئی مرتبہ بھارت کو اپنے آپ کو منصف ، عدلیہ اور فیصلہ ساز کے طورپر پیش کرتے ہوئے پایا ہے۔الزام تراشی اورمہم جوئی پرمبنی بے بنیاد الزامات کی کوئی وقعت نہیں ہے۔ترجمان نے کہاکہ بھارتی بیان میں دھمکی آمیز لہجہ قابل مذمت ہے اور اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا بلکہ اس سے کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پربھارت کی جانب سے جنگ بندی کی سنگین خلاف ورزیوں سے ماحول میں مزید کشیدگی پیداہوگی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کسی بھی جارحانہ کارروائی کے خلاف پرعزم ہے اور اپنا دفاع کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ہم توقع کرتے ہیں عالمی برادری پاکستان کے خلاف بھارت کے جنگی حربوں اور مسلسل بیان بازی کا نوٹس لے گی جو ناصرف بین الاقوامی قانون کے خلاف ہیں بلکہ اس سے علاقائی امن وسلامتی کو بھی خطرہ ہے۔