File photo

کشمیری سرینگر میں اقوام متحدہ دفتر کی جانب مارچ کریں گے
12 ستمبر 2016 (22:28)
0

مقبوضہ کشمیر میں مرکزی عید گاہوں سے سرینگر میں اقوام متحدہ کے دفتر کی طرف مارچ کیا جائے گاجس کامقصد عالمی ادارے کی توجہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی طرف مبذول کراناہے۔
مارچ کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور حریت رہنمائوں میرواعظ عمرفاروق اور محمد یاسین ملک نے مشترکہ طورپر کی ہے۔
اس موقع پرمظاہرین ایک یادداشت پیش کریںگے جس میں اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا جائے گا کہ وہ کل سے شروع ہونے والے جنرل اسمبلی کے 71ویں اجلاس میں کشمیریوں کی حالت زار پر توجہ دے۔
حریت رہنمائوں نے بھارتی پولیس اور پیراملٹری فورسز کے ہاتھوں نوجوانوں کی گرفتاری کی مذمت کی اور انکی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تاکہ وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ عید منا سکیں۔
ادھر کپواڑہ اور پونچھ کے اضلاع میں کشمیری نوجوانوں کے خلاف بھارتی فوج دو روزہ آپریشن کے دوران شہید ہونے والے نوجوانوں کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔ بھارتی فوج نے آج پونچھ میں چار نوجوانوں کو شہید کردیا ۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں احتجاجی مظاہروں کے جواب میں عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور علاقے میں طاقت کا وحشیانہ استعمال کررہی ہے جس سے انسانی حقوق کی صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے۔