وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ شہروں میں صفائی ستھرائی سے متعلق کوئی شکایت نہیں آنی چاہیے۔

File photo

شہباز شریف کی عید کے دنوں میں صفائی ستھرائی یقینی بنانے کی ہدایت
12 ستمبر 2016 (17:12)
0

پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے عید کے دنوں میں صفائی ستھرائی کے تسلی بخش اور بہتر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔  انہوں نے پیر کے روز لاہور میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ شہروں میں صفائی ستھرائی سے متعلق کوئی شکایت نہیں آنی چاہیے اور قربانی کے جانوروں کی آلائیش بروقت اور مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائی جائیں۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ پوری طرح چوکس رہیں اور شہر کو صاف رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کے لیے صوبے کے تین اضلاع کو منتخب کیا جائے گا۔ انہوں نے خبر دار کیا کہ اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

دریں اثناوزیراعلی پنجاب شہبازشریف نے عیدالاضحی کے موقع پر باغات اور تفریحی مقامات پرسیکوٹی کے جامع انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
انہوں نے یہ بات آج لاہور میں ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں باغات میں شہریوں کیلئے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیاگیا ۔
انہوں نے پارکس میں فروخت کی جانے والی اشیائے خوراک کی قیمتوں اور معیار کی سخت چیکنگ کی بھی ہدایت کی ۔
انہوں نے کہاکہ کسی بھی قسم کے حادثے سے بچنے کیلئے پارکوں میں نصب جھولوں کے باقاعدگی سے معائنے کی بھی ہدایت کی ۔
وزیراعلی نے کہاکہ لاہور ، مری اور پتریاٹہ سمیت تمام علاقوں میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کیلئے خصوصی انتظامات کیے جانے چاہئیں ۔