امریکی صدر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان مستقبل میں بھی انسداد دہشت گردی کی مشترکہ کارورائیوں میں تعاون جاری رکھے گا۔

12 اکتوبر 2017 (20:42)
0

پاک فوج نے خفیہ معلومات کی بناء پر ایک کارروائی کے دوران افغان دہشت گردوں کی جانب سے یرغمال بنائے گئے 5 غیرملکی باشندوں کو بازیاب کرایا ہے۔
یرغمال بنائے گئے افراد میں کینیڈ ا کا ایک شہری اس کی امریکی نژاد اہلیہ اوران کے تین بچے شامل ہیں۔
دہشت گردوں نے انھیں دوہزار بارہ میں افغانستان سے اغوا کیا تھا۔
امریکی خفیہ ادارے ان کا سراغ لگارہے تھے اور انہوں نے اس مہینے کی گیارہ تاریخ کو کرم ایجنسی کی سرحد کے ذریعے ان کی پاکستان منتقلی سے متعلق معلومات کا تبادلہ کیاتھا۔
امریکی حکام کی جانب سے خفیہ معلومات کے تبادلے پرپاک فوج کی کارروائی کامیاب رہی اور یرغمال بنائے گئے تمام افراد کو بحفاظت بازیاب کرالیاگیا۔
بازیاب کرائے جانے والے غیرملکیوں کو ان کے وطن واپس بھیجا جارہاہے۔
آپریشن کی کامیابی خفیہ معلومات کے بروقت تبادلے اور مشترکہ دشمن کے خلاف دونوں افواج کے تعاون کے ذریعے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے عزم کا مظہر ہے ۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے طالبان کی طرف سے طویل عرصے قبل اغوا کیے گئے ایک خاندان کی رہائی کی تعریف کی ہے اور اسے پاکستان کے ساتھ امریکی تعلقات کیلئے ایک مثبت لمحہ قرار دیا ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں امید ظاہر کی کہ پاکستان مستقبل میں انسداد دہشت گردی کی مشترکہ کارورائیوں میں اس طرح کا تعاون جاری رکھے گا۔