بابر یعقوب نے کہاکہ یہ نظام ووٹرز اورامیدواروں کیلئے نیا ہوگا۔

File Photo

این اے 4ضمنی انتخاب،الیکشن کمیشن پہلی مرتبہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں استعمال کرے گا
12 اکتوبر 2017 (20:26)
0

الیکشن کمیشن اس ماہ کی چھبیس تاریخ کوقومی اسمبلی کے حلقہ این اے چار پشاور میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے دوران پہلی مرتبہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں استعمال کرے گا۔
الیکشن کمیشن کے سیکرٹری بابر یعقوب نے جمعرات کی سہ پہر اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ یہ نظام ووٹرز اورامیدواروں کیلئے نیا ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ ادارہ بغیر آزمائش کے کوئی قدم اٹھانا نہیں چاہتا۔
این اے 120کے ضمنی انتخابات میں بائیو میٹرک مشینوں کے استعمال کے بارے میں انہوں نے کہاکہ یہ تجربہ کامیاب رہا۔
انہوں نے کہاکہ این اے چار پشاور کے ضمنی انتخابات کے دوران امن وامان قائم رکھنے کیلئے پاک فوج کی خدمات لی جائیںگی ۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہاکہ ادارہ آئندہ سال عام انتخابات آئین وقانون کے مطابق کرانے کیلئے پرعزم ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے کوئی کثر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق الیکٹرانک مشینیں آزمائشی بنیادوں پراستعمال کی جارہی ہیں اور اس آزمائشی منصوبے کا این اے چار پشاور کے ضمنی انتخابات سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ووٹر اس جدید نظام کی مدد سے بیس سکینڈز کے اندر ووٹ ڈال سکتے ہیں۔