پاکستان خطے میں امن وسلامتی کے حصول کیلئے امریکہ کے ساتھ ملکر کام کرنے کیلئے تیار ہے:وزیر داخلہ
12 اکتوبر 2017 (07:51)
0

 وزیرداخلہ احسن اقبال نے پاکستان کے اس عزم کااعادہ کیا ہے کہ وہ خطے میں امن وسلامتی کے حصول کیلئے امریکہ کے ساتھ ایک شراکت دار کی حیثیت سے ملکر کام کرنے کیلئے تیار ہے۔

وہ واشنگٹن میں طلبا،اساتذہ، تجزیہ کاروں اور صحافیوں کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان امریکہ کیساتھ سیکیورٹی سمیت دیگرشعبوں خصوصاً تعلیم کے شعبے میں وسیع اور جامع شراکت داری کاخواہاں ہے۔

 احسن اقبال نے کہاکہ انسداد دہشت گردی کے قومی لائحہ عمل پر عملدرآمد سیکیورٹی فورسز اورعوام کی قربانیوں کے نتیجے میں پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔

 انہوں نے کہاکہ پاکستان افغانستان میں امن کاخواہشمند ہے اور وہ افغانستان میں سیاسی مصالحت کی کسی بھی کوشش کی حمایت کرے گا جو خطے میں پائیدار امن کے حصول کاواحد راستہ ہے۔

وزیرداخلہ نے کہاکہ افغانستان میں سیکیورٹی کی ناکامی کاالزام پاکستان پرعائد کرنا ناقابل قبول ہے جس کی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں بے مثال ہیں۔

 چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بارے میں احسن اقبال نے کہاکہ اس عظیم منصوبے سے نہ صرف پاکستان کے مواصلات اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے کے شعبوں کی ترقی میں مدد ملے گی بلکہ یہ علاقائی رابطوں کے فروغ کیلئے بھی معاون ثابت ہوگا۔