صدیق الفاروق نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ تقریباً تین ہزار تین سو سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کئے گئے۔

 باباگرونانک جنم دن تقریبات:3ہزار سے زائد سکھ یاتری لاہور پہنچ گئے
12 نومبر 2016 (17:42)
0

سکھ مذہب کے بانی بانا گرونانک دیو جی کے 548 ویں یوم پیدائش کی تقریبات میں شرکت کیلئے تین ہزار سے زیادہ سکھ یاتری ہفتہ کو تین خصوصی ٹرینوں کے ذریعے واہگہ ریلوے سٹیشن لاہور پہنچے۔

پاکستان سکھ گردوارہ پر بندھک کمیٹی کے صدر سردار تارا سنگھ اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے اعلیٰ افسران نے ان کا ریلوے سٹیشن پر والہانہ استقبال کیا۔
بورڈ کے ترجمان کے مطابق ننکانہ صاحب میں واقع گردوارہ سری کیارہ سنگھ کو یاتریوں کیلئے کھولا جارہا ہے۔ یہ گردوارہ قریباً75 سال سے بند تھا۔
انہوں نے کہا کہ دربار صاحب کرتارپور میں انگیتھا صاحب کی افتتاحی تقریب اس مہینے کی انیس تاریخ کو ہوگی اور بابا گرو نانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد اگلے سال جنوری میں رکھا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے یاتریوں کی سہولت کیلئے واہگہ ریلوے اسٹیشن پر سیکورٹی کے جامع انتظامات کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بابا گرو نانک دیو جی کے یوم پیدائش کی اہم تقریبات پیر کو منعقد ہوں گی اور منگل کو سکھ یاتری گردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال کیلئے روانہ ہوں گے۔
متروکہ وقف املاک کے چیئرمین صدیق الفاروق نے ریلوے اسٹیشن پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ بھارت کے تقریباً تین ہزار تین سو سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کئے گئے ہیں۔