وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں میں 7ارب 80 کروڑ روپے تقسیم
12 نومبر 2016 (11:50)
0

وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کے تحت اب تک آٹھ ہزار مستحق نوجوانوں میں سات ارب 80 کروڑ روپے تقسیم کئے گئے ہیں۔ پروگرام کے تحت بیروزگار خصوصاً تعلیم یافتہ نوجوانوں کو چھ فیصد شرح سود پر بیس لاکھ روپے تک اعانتی کاروباری قرضے فراہم کئے جا رہے ہیں۔ حکام کے مطابق باصلاحیت کاروبار کرنے کے خواہاں نوجوانوںکو قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز کرنے کیلئے گزشتہ سال قرعہ اندازی کی گئی۔ حکام نے کہا کہ گزشتہ دو سال کے دوران تقریباً دوکروڑ نوجوان وزیراعظم کی بلاسود قرض سکیم سے مستفید ہوئے ۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے پیمانے کے ان قرضوں کی سہولت کا مقصد ملک کے پسماندہ علاقوں کے غریب ترین لوگوں کی مدد کرنا ہے۔
حکام نے کہا کہ حکومت نے وزیراعظم کی نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کی اسکیم بھی شروع کی ہے جس کے تحت ماسٹر ڈگری کے حامل نوجوانوں کو سرکاری اور نجی اداروں میں ایک سالہ انٹرن شپ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال کے پچاس ہزار انٹرنی کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ان میں سے 43 ہزار کو مختلف شعبوں میں رکھا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ کو مختلف اداروں میں بھجوانے کا عمل جاری ہے۔