File photo

حکومت تمام وعدے پورے کرنے کیلئے پرعزم ہے:مریم
12 نومبر 2016 (09:06)
0

اطلاعات و نشریات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت دہشتگردی اور توانائی بحران کے خاتمے سمیت پاکستان مسلم لیگ(ن) کے تمام وعدے پورے کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں مختلف میڈیا ہائوسز کے دورے کے موقع پر کہی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت عوام کی زندگیوں میں بہتری لانے کے لئے اقدامات کررہی ہے اور ملک کے دور دراز علاقوں میں گیس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت نے شاندار صحت بیمہ سکیم اور تعلیمی اصلاحات پاکستان کے لوگوں کی بہتری کیلئے متعارف کرائی ہیں جن کا مقصد عوام کو صحت اور علاج معالجے کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لوڈشیڈنگ صرف ایک دن میں تین گھنٹے رہ گئی ہے جبکہ 2013 میں لوگوں کو سولہ سے اٹھارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا سامنا تھا۔ انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو تبدیلی کا پیش خیمہ قرار دیا جارہا ہے اور افراط زر میں نمایاں کمی اور زرمبادلہ میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
وزیر مملکت نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو پاکستان کی آئندہ نسلوں کے لئے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو کامیاب سرمایہ کاری بنانے کیلئے مل کر کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا ہائوسز کی سکیورٹی اور تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں مطلوبہ قانون سازی کی جارہی ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ تحریک انصاف کو وفاقی حکومت پر تنقید کرنے کی بجائے خیبرپختونخوا میں عوام کی فلاح و بہبود پر توجہ دینی چاہیے۔
ایک سوال پر انہوں نے ریڈیو پاکستان کی عمارت گروی رکھنے کی اطلاعات کومسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ اطلاعات بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں اور بیرون ملک لاکھوں افراد ٹی وی چینلز دیکھنے اور اپنی رائے قائم کرتے ہیں اس لئے یہ حکومت اورمیڈیا ہائوسز کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ترقی یافتہ اور محفوظ پاکستان کے مثبت اور حقیقی تشخص کو اجاگر کریں۔