مریم اورنگزیب کی جانب سے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر صحافیوں نے احتجاج ختم کر دیا۔

صحافی کا قتل، وفاق خیبر پختونخوا حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا،وزیر اطلاعات
12 جون 2017 (20:48)
0

قائد حزب اختلاف سید خورشیدشاہ کے نکتہ اعتراض پر سپیکر نے کہاکہ گزشتہ جمعے کو رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے پروڈکشن آرڈرجاری کرنے سے متعلق کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی ۔
انہوں نے کہاکہ جمشید دستی کی درخواست آج موصول ہوئی ہے اوران کے پروڈکشن آرڈر جاری کردئیے گئے ہیں ۔
اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے قائد حزب اختلاف کی تقریر پر پی ٹی وی پر براہ راست نشرکرنے کے مطالبے کے حق میں ایوان سے واک آوٹ کیا ۔
اجلاس کی کوریج کرنے والے صحافیوں نے ہری پور میں شہید ہونے والے صحافی اور دیگر مسائل کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے ایوان سے واک آوٹ کیا ۔
اطلاعات کی وزیرمملکت مریم اورنگزیب کی جانب سے اپنے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر صحافیوں نے اپنا احتجاج ختم کردیا ۔
بعد میں ایوان میں اظہارخیال کرتے ہوئے اطلاعات کی وزیرمملکت نے کہاکہ وفاقی حکومت ہری پور میں صحافی کے قتل کی تحقیقات کیلئے خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کو ہرممکن مدد فراہم کرے گی ۔
انہوں نے کہاکہ ویج بورڈ ایوارڈ اوروفاقی حکومت کی رہائشی سکیموں میں صحافیوں کے کوٹے سمیت دیگر امور متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے ساتھ سنجیدگی سے اٹھائے جارہے ہیں ۔
بعد میں ایوان نے سینٹ کی جانب سے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے بارے میں پیش کی گئی سفارشات پر عام بحث کاآغاز کیا ۔
بحث میں حصہ لیتے ہوئے قاری محمد یوسف نے تجویز دی کہ تعلیم کے شعبے کیلئے مزید فنڈز مختص کیے جانے چاہئیں ۔
ملک محمد پرویز نے ایک متوازن اورعوام دوست بجٹ پیش کرنے پر حکومت کی کوششوں کو سراہا ۔
نعیمہ کشورنے کہاکہ سینٹ کی جانب سے دی گئی تجاویز کواہمیت دی جانی چاہیے اور زیادہ سے زیادہ سفارشات پرعملدرآمد ہوناچاہیے ۔
ایوان کا اجلاس اب کل سہ پہر تین بجے ہوگا ۔