وزیر پیٹرولیم نے کہاہے کہ نئے ذخائر سے یومیہ چھ سو بیرل تیل اور سات کروڑ کیوبک فٹ گیس برآمد ہوگی۔

سندھ میں تیل اور گیس کے5نئے ذخائر دریافت ہوئے ہیں: شاہد خاقان
12 جون 2017 (15:39)
0

پیٹرولیم و قدرتی وسائل کے وزیر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سندھ میں تیل اور گیس کے پانچ نئے ذخائر دریافت کئے گئے ہیں ۔یہ بات انہوں نے آج ا س حوالے سے اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس میں کہی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ نئے ذخائر سے یومیہ چھ سو بیرل تیل اور سات کروڑ کیوبک فٹ گیس برآمد ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دور میں تیل اور گیس کے 98 ذخائر دریافت ہوئے اور اب تک 94 کروڑ 40 لاکھ کیوبک فس گیس سسٹم میں شامل کی گئی ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ یومیہ سات کروڑ کیوبک فٹ گیس کی سسٹم میں شمولیت کا مطلب سال میں ایل این جی کی درآمد پر پندرہ کروڑ ڈالر کی بچت ہے۔
پیٹرولیم و قدرتی وسائل کے وزیر نے یہ بات زو ر دے کر کہی کہ حکومت گیس کی تقسیم کے حوالے سے آئینی مشقوں پر سختی سے عمل پیرا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ 2010 میں ایس این جی پی کو یومیہ ایک ہزار چھ سو پینسٹھ فٹ گیس ملتی رہی جو اب کم ہوکر رواں سال ایک ہزار ایک سو بیس کیوبک فٹ ہوگئی ہے اور یہ 35 فیصد کمی ظاہر کرتی ہے۔
اسی طرح سوئی سدرن گیس پائپ لائن کے سسٹم میں 2010 میں ایک ہزار ایک سو 74کیو بک فٹ گیس تھی جو اب بڑھ کر رواں سال ایک ہزار دو سو سات ہوگئی ہے یوں اس میں تین فیصد اضافہ ہوا ہے۔