گریجویشن کرنیوالے49ہزار سے زائد طلباء کو انٹرن شپ دے دی گئی
12 جون 2017 (09:12)
0

وزیراعظم کی نوجوانو ں کیلئے تربیتی سکیم کے تحت گریجویشن کرنے والے49ہزار سے زائد طلباء کونجی اورسرکاری شعبے کے اداروں میں ایک سال کی انٹرن شپ دی گئی ہے۔

اقتصادی سروے کے مطابق حکومت کی طرف سے یہ اقدام نوجوانوں کی سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے کیا گیا ہے جس کامقصد انہیں روزگارکے حصول کے قابل بنانا ہے۔
اسی عرصے کے دوران دوسرے متعدددیگر منصوبے بھی متعارف کرائے گئے ہیں جن میں وزیراعظم کی نوجوانوں کیلئے قرضہ سکیم بھی شامل ہے۔
اس سکیم کے تحت اب تک18ارب روپے سے زائد تقسیم کئے گئے ہیں۔
وزیراعظم کی بلاسود قرضہ سکیم کے تحت45اضلاع میں لوگوں کو6ارب روپے سے زائد دیئے گئے ہیں۔
وزیراعظم کے نوجوانوں کیلئے ہنرسکھانے کے پروگرام کے تحت اب تک73ہزار627لڑکوں اورلڑکیوں کو تربیت دی گئی ہے۔
وزیراعظم کے لیپ ٹاپ کی فراہمی کے پروگرام کے دوسرے مرحلے میں ملک بھر میں اعلیٰ تعلیمی کمیشن کی تسلیم شدہ جامعات کے باصلاحیت طلباء میں 2لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے گئے ہیں۔
وزیراعظم کی فیس واپسی تقسیم کے تحت دوہزاربارہ سے دوہزارسترہ تک 6ارب روپے سے زائد جاری کئے گئے ہیں۔اعلیٰ تعلیمی کمیشن نے پسماندہ علاقوں کے مستحق طلباء کو ٹیوشن فیس کی مد میں5ارب74کروڑ روپے کی ادائیگی کی ہے۔