آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری خطے کے امن اور خوشحالی کیلئے پاکستان کی کوششوں کا مظہر ہے۔

File Photo

چین پاکستان اقتصادی راہداری حقیقی معنوں میں امن ، خوشحالی کی علامت ہے: آرمی چیف
12 جولائی 2017 (20:12)
0

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری حقیقی معنوں میں خطے کی اقتصادی ترقی ، امن اور خوشحالی کی علامت ہے ۔
بدھ کے روز راولپنڈی میں اقتصادی راہداری LOGISTIRS پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری خطے کے امن اور خوشحالی کیلئے پاکستان کی کوششوں کا مظہر ہے ۔
انہوں نے کہاکہ جنوبی ایشیاء کے دیگر ممالک کے برعکس ہم تقسیم کے بجائے اپنی توانیاں امن ، شراکت داری پر خرچ کرنے پریقین رکھتے ہیں۔
فوج کے سربراہ نے کہاکہ اقتصادی راہداری علاقائی معیشتوں کومزید مربوط کرے گی اورپاکستان کے مختلف خطوں کے درمیان ترقیاتی فاصلے کو کم کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ اگر درست انداز میں مواقع سے فائدہ اٹھایاگیا چینی سرمایہ کاری سے توانائی ، بنیادی ڈھانچے ، گوادر پورٹ اور خصوصی اقتصادی زونز سمیت مختلف شعبوں میں تیزی سے ترقی کرتے ہوئے پاکستان کی بنیاد رکھی جاسکتی ہے ۔

پاکستان میں سیکورٹی کی صورتحال پرتبصرہ کرتے ہوئے فوج کے سربراہ نے کہاکہ ملک پہلے سے کہیں زیادہ محفوظ ہے کیونکہ فاٹا اور ملحقہ علاقوں میں امن بحال کیاگیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی میں حالات معمول پر آرہے ہیں اسی طرح بلوچستان میں بھی امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور صوبے میں سماجی واقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے ۔
فوج کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہاپسندی کے ناسور سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے آہستہ لیکن یقینی ترقی کررہا ہے ۔