مشیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی آئندہ سال پاکستان میں ہونے والے سارک سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔

پاکستان،بھارت وزرائے اعظم نے کشیدگی میں کمی کیلئے مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا:سرتاج
12 جولائی 2015 (09:18)
0

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے وزرائے اعظم نے اوفا میں اپنی ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں کمی کیلئے مذاکرات کا عمل شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

پی ٹی وی کے ایک ٹاک شو میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں وزرائے اعظم نے پہلے مرحلے میں کنٹرول لائن پر کشیدگی کم کرنے پر اتفاق کیا تاکہ دونوں ملکوں کو جانی نقصان سے بچایا جاسکے۔


انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے قومی سلامتی کے مشیروں کے درمیان مجوزہ ملاقات بھی مختلف امور پر ایک دوسرے کے تحفظات دور کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔  فریقین نے ایک دوسرے کے گرفتار کئے گئے ماہی گیروں کو ان کی کشتیوں سمیت دوہفتوں کے اندر رہا کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی۔  انہوں نے سالانہ سرگرمیوں کا چارٹ ترتیب دیتے ہوئے مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کا عزم بھی ظاہر کیا۔


ایک سوال پر سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے سیکرٹری خارجہ نے اپنے مشترکہ اعلامیہ میں مسئلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت پر بھی اتفاق کیا تاکہ خطے میں امن اور ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔  ایک اور سوال پر مشیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی آئندہ سال پاکستان میں ہونے والے سارک سربراہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت سے تنظیم کے دیگر رکن ممالک خصوصاً چین اور روس کے ساتھ تجارتی ، معاشی اور دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔