وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری قیادت نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھایا ہے۔

کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل پر بات چیت کی جائیگی:پرویز رشید
12 جولائی 2015 (09:32)
0

وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ کشمیر ، سیاچن ، سرکریک، دہشتگردی اور پانی پاکستان اور بھارت کے درمیان تصفیہ طلب مسائل ہیں۔

لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور ان کے بھارتی ہم منصب کے درمیان نئی دہلی میں ملاقات میں بات چیت کی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر بھارت کے ساتھ تین جنگیں لڑ چکا ہے اور ہماری قیادت نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر اٹھایا ہے۔
ایک سوال پر پرویز رشید نے کہا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کے ساتھ کل جماعتی حریت کانفرنس کے نمائندوں کی ملاقات پر بھارت نے ہی پاکستان کے ساتھ جامع مذاکرات کا عمل معطل کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے اب اپنا موقف تبدیل کرلیا ہے جبکہ پاکستان اب بھی اپنے موقف پر قائم ہے اور یہ ہماری کامیابی ہے۔