حریت قیادت کی جموں کے مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کیلئے جمعہ کو پرامن مظاہروں کی اپیل
12 جنوری 2017 (21:12)
0

مقبوضہ کشمیر میں مشترکہ حریت قیادت نے جموں کے مسلمانو ں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کل نماز جمعہ کے بعد پر امن مظاہرو ں کی اپیل کی ہے۔
سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے ایک بیان میں ہند و انتہا پسندوں کی طرف سے کٹھوعہ میں مسلمانوں پر حملوں کی شدید مذمت کی ۔
انہوں نے کہا کہ مظاہروں کے ذریعے فرقہ پرست انتہا پسندوں اور ان کے حامیوں کو یہ واضح پیغام دیا جائے گا کہ وہ 2017کو 1947کی عینک سے دیکھنا چھوڑ دیں جب ہندوئوں نے لاکھوں مسلمانوں کاقتل عام کیا تھا۔
میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط کٹھ پتلی انتظامیہ بھارت کی ہندو انتہاپسند تنظیموں کے ایجنڈے کو آگے بڑھارہی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ اس مقصد کیلئے وہ غیر انسانی اور غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے تاکہ مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی آبادی کا تناسب ،مسلم اکثریتی شناخت اور جموںوکشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کیا جاسکے ۔
ادھر بھارتی فوج نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع پونچھ میں مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ۔نوجوانوں کو ضلع کے علاقے Betar نالہ میں پر تشدد فوجی کارروائی کے دوران شہید کیا گیا۔