قمر جاوید باجوہ نے فوجی جوانوں سے کہا کہ وہ محنت اور بہترین کارکردگی سے پاک فوج کے عزت و وقار میں اضافہ کریں۔

12 جنوری 2017 (20:38)
0

بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعرات کے روز جہلم اور کھاریاں میں فوجی چھائونیوں کا دورہ کیا۔انہیں ہیڈ کوارٹرز سنٹرل کمان میں پیشہ ورانہ تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آرمی چیف نے جہلم میں پیرا رینجرز کا بھی دورہ کیا اور فوج کے فائرنگ کے مقابلوں کا اختتامی سیشن دیکھا۔
یہ مقابلے چار ہفتے تک جاری رہے اور ان میں ملک بھر سے مجموعی طور پر چھ سو سٹرسٹھ فوجی اور سویلین نشانہ بازوں نے حصہ لیا۔
مقابلے کے شرکاء کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے آرمی چیف نے خواہش ظاہر کی کہ تیاری پر مزید توجہ دی جائے تاکہ ہماری ٹیمیں بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں۔
گیریژن افسران سے خطاب کرتے ہوئے بری فوج کے سربراہ نے آپریشن ضرب عضب کے تحت انسداد دہشت گردی کی کارورائیوں میں ان افسران کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے ملک کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران زخمی ہونے والے فوجی جوانوں اور افسران کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے فوجی جوانوں سے کہا کہ وہ سخت محنت اور بہترین کارکردگی کے ذریعے پاک فوج کے عزت و وقار میں اضافہ کریں۔