نوا ز شریف نے کہا ہے کہ علاقائی روابط کا فروغ حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

پاکستان،کرغزستان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر متفق
12 جنوری 2017 (18:48)
0

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ علاقائی روابط کا فروغ حکومت کی ترقیاتی حکمت عملی کے سات ستونوں میں سے ایک ستون ہے جس پر وہ موثر انداز میں عمل پیرا ہے۔
وہ کرغزستان کے وزیر معیشت کوزوشیف ارزبیک سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے جمعرات کے روز اسلام آباد میں اپنے وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس حکمت عملی کے تحت جنوبی ایشیاء ، چین اور وسطی ایشیاء کی ابھرتی ہوئی معیشتوں کو باہم منسلک کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں کاسا1000 کا کردار اہم ہے ۔
اس منصوبے پر حوصلہ افزاء پیش رفت جاری ہے اور دبئی میں مشترکہ ورکنگ گروپ کے حالیہ اجلاس میں اس کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کیلئے اہم فیصلے کئے گئے۔
نواز شریف نے وفد کو بتایا کہ پاکستان کی معیشت ترقی کر رہی ہے اور گزشتہ تین سال کے دوران شرح نموچار فیصد سے زائد رہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کیلئے سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں ۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے بڑے پیمانے پر اصلاحاتی پروگرام شروع کیا ہے جس کا مقصد معاشی استحکام ، ملکی وسائل بروئے کار لانا ، زراعانت ختم کرنا ، بجلی کے شعبے اور دوسری سرکاری اداروں کی تنظیم نو اور سماجی تحفظ کے شعبے کو مستحکم کرنا ہے۔

پاکستان اور کرغزستان نے تجارت ، ٹیکسٹائل ، دفاع ، توانائی ، بنکاری اور دوسرے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفا ق کیا ہے۔

اس سلسلے میں جمعرات کے روز اسلام آباد میں پاکستان کرغزستان مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس کے بعد پانی وبجلی کے وزیر اور کرغزستان کے معیشت کے وزیر نے ایک معاہدے پر دستخط کئے۔
فریقین نے تجارتی روابط بڑھانے کیلئے اقدامات اور صنعت کے بارے میں ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر بھی اتفاق کیا۔

کرغز وفد نے امور خارجہ کے بارے میں وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
طارق فاطمی نے وفد کو حکومت کے ویژن اور علاقائی روابط کے ذریعے خوشحالی کے فروغ پر خصوصی توجہ سے متعلق آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے شروع کیے گئے رابطے بڑھانے کے مختلف منصوبے خطے کی تیزی سے ترقی میں معاون ثابت ہوں گے۔