نوازشریف نے چیئرمین این ایچ اے کو ہدایت کی ہے کہ سڑکوں کے ٹھیکے دیتے وقت شفافیت اور تعمیراتی کام کے معیار پر کسی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے۔

وزیراعظم کامختلف موٹرویز اور شاہراہوں کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ
12 جنوری 2017 (15:53)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف نے آج اسلام آباد میں مختلف موٹرویز اور شاہراہوں کے منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ شاہراہوں کے قومی ادارے کے چیئرمین شاہد اشرف تارڑ نے وزیراعظم کو منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں تین ہزار کلومیٹر طویل شاہراہوں کی تعمیر جاری ہے جن پر تقریباً ایک ہزار ایک سو اکتالیس ارب روپے لاگت آئے گی جس میں ایک سو پچاس ارب روپے کی نجی سرمایہ کاری شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں میں حویلیاں تھاہ کوٹ ، ہزارہ موٹر وے ، ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان ، سیالکوٹ ملتان ، لاہور ملتان ، گوجرہ شورکوٹ ، سکھر ملتان ، کراچی حیدرآباد اور حیدرآباد سکھر موٹر ویز شامل ہیں۔
وزیراعظم نے چیئرمین کو ہدایت کی کہ ٹھیکے دیتے وقت شفافیت اور تعمیراتی کام کے معیار پر کسی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ شاہراہوں کے نیٹ ورک کی تکمیل سے داخلی اور علاقائی روابط میں نمایاں اضافہ ہوگا جس سے ملک میں بڑے پیمانے پر تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔
نواز شریف نے کہا کہ یہ منصوبے روزگار کے ہزاروں مواقعوں کی پیشکش کر رہے ہیں اور ان منصوبوں سے عوام کیلئے سماجی واقتصادی خوشحالی کے دروازے کھلیں گے