نوازشریف نے قطر کیساتھ مائع قدرتی گیس درآمدمعاہدے کو شعبہ توانائی میں ملکی خود کفالت کیلئے اہم پیشرفت قرار دیا۔

قطر ایک لاکھ ہنرمند پاکستانیوں کو روزگار دے گا:وزیراعظم
12 فروری 2016 (19:35)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف نے قطر کے ساتھ مائع قدرتی گیس کے حالیہ معاہدے کو توانائی کے شعبے میں پاکستان کی خودکفالت کے لئے اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز اسلام آباد میں ممتاز تاجروں کے ایک گروپ سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔
وزیراعظم نے کہا کہ قطر سے انتہائی کم قیمت پر خریدی گئی ایل این جی سے سی این جی کے شعبے اور صنعتی ' کمرشل اور گھریلو صارفین کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی اور ملک کے بجلی کے پیداواری پلانٹس کو کم لاگت کے پیداواری پلانٹس میں تبدیل کیا جاسکے گا۔
انہوں نے کہا کہ قطر کی قیادت کو ٹیکنالوجی کی ترقی اور پاکستان کی دفاعی پیداوار کی صنعت میں عمدہ کارکردگی پرفخر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قطر نے مستقبل قریب میں مزید ایک لاکھ ہنر مند پاکستانیوں کو ملازمت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
نواز شریف نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں دو ہزار اٹھارہ تک ارزاں نرخوں پر دس ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار کو ترجیح دی جارہی ہے جس سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوگا اور بجلی کی پیداواری لاگت میں کمی ہوگی۔
شرکا نے وزیراعظم کو پاکستان میں کاروبار کے لئے موجودہ ماحول کے بارے میں بتایا اور پاکستانی معیشت کی تیزی سے ترقی کے لئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔
کاروباری رہنمائوں نے برآمدات پر مبنی معیشت میں سہولت کے لئے وزیراعظم سے سیلز ٹیکس ختم کرنے کی درخواست بھی کی۔