فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ نے کہا کہ یہ نیٹ ورک کالعدم تحریک طالبان ، لشکر جھنگوی اور القاعدہ نے بنایا تھا ۔

 کراچی میں دہشت گردوں کا نیٹ ورک توڑ دیا گیا:عاصم باجوہ
12 فروری 2016 (18:04)
0

کراچی میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو توڑ دیا گیا ہے ۔
جمعہ کے روز کراچی میں بریفنگ دیتے ہوئے فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل ، لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ یہ نیٹ ورک کالعدم تحریک طالبان ، لشکر جھنگوی اور القاعدہ نے بنایا تھا ۔
انہوں نے کہا کہ یہ نیٹ ورک کراچی سے کارروائیاں کرتا تھا جبکہ دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی میران شاہ میں کی جاتی تھی۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ اس نیٹ ورک سے تعلق رکھنے والے ستانوے دہشت گردوں کو اب تک گرفتار کیا جا چکا ہے اور ان کے ٹھکانوں کو خفیہ معلومات پر مبنی تیرہ ہزار دو سو بارہ کارروائیوں کے ذریعے ختم کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ دہشت گرد کراچی ، پشاور اور کامرہ میں فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث تھے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ یہ تینوں گروپ کراچی میں جرائم پیشہ اور دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے اور ان کے کراچی اور حیدرآباد کی جیلوں کو توڑنے کے منصوبے ناکام بنا دئیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے تک آپریشن ضرب عضب اور کراچی آپریشن جاری رہے گا۔
آئی ایس پی آر کے سربراہ نے کہا کہ رینجرز نے کراچی میں سات ہزار کارروائیاں کیں اور چھ ہزار مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے پولیس کے حوالے کیا۔
آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ کراچی میں ہر قیمت پر امن کو بحال کیا جائے گا
اس موقع پر کئی دہشت گردوں کو میڈیا کے سامنے بھی پیش کیا گیا۔