فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشتگرد نے کوئٹہ میں ڈیوٹی پر مامور فوجیوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

کوئٹہ دھماکے جیسے واقعات سے دہشتگردی کے خلاف جنگ کیلئے ہماراعزم کسی صورت متزلزل نہیں کیا جاسکتا:آرمی چیف
13 اگست 2017 (08:53)
0

کوئٹہ کے علاقے پشین سٹاپ میں ایک خود کش دھماکے میں آٹھ سیکورٹی اہلکاروں سمیت پندرہ افراد شہید ہوگئے ہیں۔دھماکے میں دس سیکورٹی اہلکاروں سمیت پچیس افراد زخمی بھی ہوئے۔فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشتگرد نے ڈیوٹی پر مامور فوجیوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا خود کش حملہ آور پچیس کلوگرام وزنی دھماکا خیز مواد کے ساتھ موٹر سائیکل پر سوار تھا۔بلوچستان کے وزیرصحت رحمت صالح بلوچ نے ہسپتالوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کردیاہے۔

صدر ممنون حسین، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کوئٹہ میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت بھی کی ہے۔
بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک میں یوم آزادی کی تیاریوں میں خلل ڈالنے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کیلئے ہماراعزم کسی صورت متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔