وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مضبوط معیشت کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کراچی میں امن وامان بحال کردیا ہے
12 اگست 2017 (19:20)
0

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مضبوط معیشت کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا اور ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے معیشت کے کئی شعبوں میں بہتری کی گنجائش ہے۔
انہوں نے یہ بات ہفتے کے روز تیسرے پہر کراچی میں پاکستان کے ایوان صنعت وتجارت کی فیڈریشن کے نمائندوں اور پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات میں کہی۔
وزیراعظم نے کراچی میں اقتصادی سرگرمیوں کا فروغ یقینی بنانے پر زور دیا ۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی پالیسیاں جاری رکھے گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اہداف ومقاصد کے حصول کیلئے نئی کابینہ کے ارکان دل جمعی سے کام کررہے ہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ٹھوس کوششوں اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کے باعث کراچی میں امن بحال ہوا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے کراچی کے نمائندے نے بتایا ہے کہ سٹیٹ بینک کے گورنر طارق باجوہ اور ایف بی آر کے چیئرمین طارق محمود پاشا نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی اور انہیں اپنے اداروں کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیر داخلہ احسن اقبال اور سندھ کے گورنر محمد زبیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم نے کراچی میں امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کو کراچی میں سٹریٹ کرائمز کی حالیہ لہر پر تشویش ہے۔

اجلاس کو صوبے میں عموما ًاور کراچی میں خصوصاً مجموعی سیکورٹی صورتحال سے متعلق بریفنگ دی گئی۔شاہد خاقان عباسی نے اس خطرناک رجحان کے خاتمے کے لئے تمام انٹیلی جنس وسائل کو فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کراچی میں امن وامان ہر قیمت پر قائم رکھا جائے گا۔سندھ کے گورنر محمد زبیر، وزیراعلی سید مراد علی شاہ ،وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال ،کو ر کمانڈر کراچی، چیف سیکرٹری سندھ، سندھ رینجرز کے ڈائریکٹر جنرل، آئی جی سندھ اور دیگر اعلی سرکاری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس سے پہلے فاروق ستار کی سربراہی میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے وفد نے بھی آج کراچی میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔ملاقات میں کراچی کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں اس بات پراتفاق کیاگیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو کراچی میں امن و امان کی صورتحال اور کاروبار کے لئے فضاء مزید بہتر بنانے کے لئے مل کر کوششیں کرنی چاہئیں۔
وزیراعظم نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو شہر میں امن و امان یقینی بنانے کے لئے مل کر کام کرنا چاہیے۔

کراچی میں سندھ کے گورنر محمد زبیر سے ملاقات میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کی ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔گورنر نے وزیراعظم کو ترقی اور تاجروںکو اعتماد میں لینے کیلئے کئے گئے اقدامات کے بارے میں بتایا۔وزیراعظم نے قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری بھی دی۔

انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی ،فاتحہ خوانی کی اور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کئے۔

ادھر سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے بھی آج سہ پہر کراچی میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی۔انہوں نے صوبے میں موجودہ سیاسی صورتحال اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے اپنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی حکومت سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔