نوازشریف نے کہا کہ وہ قوم سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں کسی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔

وزیراعظم کی نیلم جہلم پن بجلی منصوبے کی بروقت تکمیل کی ہدایت
12 اگست 2016 (18:26)
0

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ان کے دور حکومت میں لوڈشیڈنگ ختم کرنے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔

وہ جمعہ کے روز نیلم جہلم پن بجلی منصوبے پر عملدرآمد کی پیش رفت کاجائزہ لینے کے سلسلے کے اپنے دورے کے موقع پر باتیں کررہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ قوم سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے لئے پرعزم ہیں اور اس سلسلے میں کسی رکاوٹ کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔
انہوں نے منصوبے کی بروقت تکمیل کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس پر عملدرآمد کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جانی چاہئیں۔
آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے ایک مطالبے پر انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل کے بعد اس کی ملازمتوں میں مقامی افراد کو ترجیح دی جائے۔
منصوبے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے وزیراعظم کو بتایا کہ 78 فیصد ملازمتیں مقامی افراد کو دی گئی ہیں۔
اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ منصوبے کا 85 فیصد کام مکمل کرلیا گیا ہے' سرنگوں کی تعمیر حتمی مراحل میں ہے ور ان کی سٹیل لائننگ کا نصف کام بھی مکمل کرلیاگیا ہے' ڈیم کا ڈھانچہ اور سپل وے کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔
وزیرخزانہ اسحاق ڈار' پانی و بجلی کے وزیر خواجہ محمد آصف' وزیر اطلاعات پرویز رشید' وزیر امور کشمیر برجیس طاہر ' آزاد کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور وزیراعظم کے خصوصی معاون ڈاکٹر آصف کرمانی بھی اس موقع پر موجود تھے۔